یوم عاشور پر حساس علاقوں میں موبائل سروس بند رہے گی


یوم عاشور کل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل 10 محرم الحرام، یوم عاشور کے موقع پر حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو بھرپور مذہبی عقیدت کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔

ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں آج اور کل مختلف مقامات سے ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن میں شبیہ ذوالجناح، شبیہ علم اور تعزیے شامل ہوں گے۔ امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس عزا منعقد کی جائیں گی، جہاں عزادار نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔

اس دوران علما اور ذاکرین کربلا کے عظیم سانحے، امام حسینؓ کی جدوجہد، ان کی قربانیوں اور پیغامِ حق پر روشنی ڈالیں گے۔ مختلف شہروں میں سیمینارز اور تقاریب کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے جہاں شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس علاقوں میں پاک فوج اور رینجرز کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ پولیس کے ساتھ موبائل کنٹرول رومز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے اور ڈرون کیمرے اُڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ، جلوس کے راستوں پر آنے والی دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی، جو اتوار کی شب 10 بجے کے بعد بحال کی جائے گی۔

 

Comments