پاکستان میں شدید مون سون کا خطرہ – یکم سے...

 

پاکستان میں شدید مون سون کا خطرہ – یکم سے 15 جولائی تک الرٹ


پاکستان میں ایک بار پھر خطرناک مون سون بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تازہ ترین موسمیاتی رپورٹس کے مطابق، اگر موجودہ موسم کا یہی سلسلہ رہا تو یکم جولائی سے 15 جولائی 2025 تک ملک کے تقریباً 80 فیصد حصے میں غیر معمولی اور خطرناک بارشیں ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے بھی زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔


2022 سے بھی بدتر صورتحال کا اندیشہ


یاد رہے کہ 2022 میں آنے والے سیلاب نے پاکستان کی تاریخ کی بدترین تباہی کی تھی۔ ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔ اب جو پیشگوئیاں ہو رہی ہیں، ان کے مطابق اس سال جولائی کے پہلے 15 دنوں میں بارشوں کی شدت اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ اگر بروقت تیاری نہ کی گئی تو دریاؤں میں طغیانی، نالوں کا بہاؤ، اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔


شمالی علاقہ جات کے لیے خاص الرٹ


پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقے، جہاں گرمیوں میں ہزاروں سیاح جاتے ہیں، ان دنوں شدید خطرے کی زد میں ہوں گے۔ ان علاقوں میں یکم جولائی سے 15 جولائی کے دوران سفر کرنا نہایت خطرناک ہو سکتا ہے۔ بارشوں کے باعث بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ، اور اچانک سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے جو جان لیوا بھی ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پلوں، سڑکوں، اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے، جس سے یہ علاقے دوسرے شہروں سے کٹ سکتے ہیں۔


لہٰذا، شہریوں اور خاص طور پر سیاحوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس دوران شمالی علاقوں کا سفر مؤخر کر دیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔


حکومت اور اداروں کے لیے فوری ایکشن کا وقت


موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت، NDMA، PDMA، اور تمام متعلقہ اداروں کو فوراً ہنگامی بنیادوں پر تیاری کرنا ہو گی۔ کیونکہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بعد میں صرف افسوس رہ جائے گا۔


کچھ اہم اقدامات جو فوراً کیے جانے چاہییں:


حساس علاقوں کی نشاندہی اور لوگوں کا انخلاء


میڈیا پر عوامی آگاہی مہم چلانا


ندی نالوں کی مکمل صفائی تاکہ پانی کا بہاؤ روکا نہ جائے


ارلی وارننگ سسٹمز کو مزید فعال بنانا


ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھنا اور تمام ضروری سامان کی فراہمی



آخر میں یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہم صرف اندازے لگا سکتے ہیں، اصل فیصلہ اللہ تعالیٰ کا ہوتا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک پاکستان کو ہر آفت سے محفوظ رکھے۔ آمین۔


Comments