غزہ میں حماس کا بڑا حملہ، اسرائیلی کمانڈر سمیت متعدد فوجی ہلاک – نیتن یاہو پر دباؤ بڑھ گیا
جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی افواج کے خلاف ایک کامیاب اور شدید حملہ کیا، جس میں ایک پلاٹون کمانڈر سمیت سات اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ جھڑپ خان یونس کے قریب ہوئی، جہاں فوجی گاڑی کے نیچے نصب بم پھٹنے سے گاڑی میں آگ لگ گئی اور تمام اہلکار ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کے علاوہ ایک اور سپاہی بھی جنوبی غزہ میں شدید زخمی ہوا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جون 2025 کے آغاز سے اب تک 19 اسرائیلی فوجی غزہ کی جھڑپوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
ترک نشریاتی ادارے انادولو نے اسرائیلی اخبار "یدیعوت احارونوت" کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایک سینیئر فوجی افسر نے جنگ کے اثرات سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر 2023 سے جاری غزہ جنگ میں اب تک 10 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی یا تو ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ کئی فوجی شدید ذہنی دباؤ اور صدمے کا شکار ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار میں اب تک 861 اسرائیلی فوجی ہلاکتیں اور تقریباً 6 ہزار زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے، لیکن غیر سرکاری رپورٹیں اس تعداد کو کہیں زیادہ بتا رہی ہیں، جو اسرائیلی فوجی نظام کی گرتی ہوئی حالت کی عکاسی کرتی ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی بمباری اور حملوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صرف گزشتہ روز 86 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں رفح میں خوراک کی تلاش میں نکلے 27 معصوم افراد بھی شامل ہیں، جنہیں اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا۔

Comments
Post a Comment